کاروار:11؍ مئی (ایس اؤ نیوز ) بدھ 10مئی کو ہوئے ریاستی اسمبلی انتخابات میں مختلف مقاما ت پر ووٹنگ مشینیں خراب ہوجانے سے رائے دہندگان کو پریشانیوں کا سامنا کرناپڑا۔ ووٹنگ مشینوں میں خرابی نظر آتے ہی مشین بدل کر دوسری مشین کے ذریعے ووٹنگ کے لئے موقع فراہم کیاگیا۔
اترکنڑا ضلع میں بدھ کی صبح ووٹنگ شروع ہونےسے پہلے ہی نمائشی ووٹنگ کے دوران کاروار کے چتاکول شیواجی ہائی اسکول، کڈواڑسرکاری لوئر پرائمری اردو اسکول، باڈ کی سرکاری ہائر پرائمری اسکول ، باڈ کی شیواجی ہائی اسکول ، بینگا کے سومناتھ ہائی اسکول، وئیدہیگار کی سرکاری لوئرپرائمری اسکول، ہارواڑ کی سرکاری ہائر پرائمری اسکول کی ووٹنگ مشینوں میں خرابی دیکھی گئی ۔ ہارواڑ کے پولنگ بوتھ پر کچھ ووٹنگ ہونے کے بعد مشین خراب ہوئی ۔ کاروار میں 2جگہوں پر بیلٹ یونٹ، 2جگہوں پر کنٹرول یونٹ اور 4جگہوں پر وی وی پیڈ میں خرابی دیکھی گئی ۔ اسی وقت ان مشینوں کو بدل کر دوسری مشینوں کے ذریعے ووٹنگ جاری رکھی گئی۔
ضلع کے مختلف مقاما ت پر بھی ووٹنگ مشینیں خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ضلع میں سب سے زیادہ یلاپور میں 6جگہوں پر بیلٹ یونٹ، 5بوتھ پر کنڑول یونٹ اور 18مقامات پر وی وی پیڈ میں ووٹنگ شروع ہوتے ہی خرابی نظر آئی ۔ ہلیال میں 4وی وی پیڈ، کمٹہ میں دو بوتھ پر بیلٹ یونٹ، ایک بوتھ پر کنٹرول یونٹ اور 5بوتھوں پر وی وی پیڈ۔ بھٹکل میں ایک بوتھ پر وی وی پیڈ، سرسی میں ایک بوتھ پر بیلٹ یونٹ، 2بوتھوں پر کنٹرول یونٹ اور دوجگہوں پر وی وی پیڈ خراب ہوئے تھے۔
اس تعلق سے وضاحت کرتےہوئے اسسٹنٹ کمشنر جئے لکشمی رائےکوڈ نے بتایا کہ کئی جگہوں پر ووٹنگ مشین خراب ہونےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جب کہ عام طورپر ووٹنگ مشینوں میں کوئی خرابی نہیں ہوتی ہے۔ لیکن پولنگ افسران جب اس کو صحیح طورپر کنکٹ نہیں کرتے ہیں تو مسئلہ پیدا ہوتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائشی ووٹنگ کے بعد سبھی بٹن کلئیر کرکے سیل کئےجاتے ہیں۔ اگر بٹن کلئیر کئے بغیر ہی سیل کئے گئے تو وہ غلط (In Valid)کے زمرے میں چلے جاتے ہیں۔
اس کے بعد قریب تین بجے تک ضلع بھر میں ہوئی ووٹنگ کے دوران ضلع کی6پولنگ بوتھوں پر بیلٹ یونٹ، 6بوتھوں پر کنٹرول یونٹ اور 31مقامات پر وی وی پیڈ خراب ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ ان سب مقاما ت پر مشینوں کو بدل کر دوسری مشینوں کے ذریعے ووٹنگ کرائی گئی ۔
ضلع کی کل 1435پولنگ بوتھوں میں فی کس 1435بیلٹ یونٹ، 1435کنٹرول یونٹ اور 1435وی وی پیڈ نصب کئے گئے تھے۔ بیلٹ یونٹ اور کنٹرول یونٹ میں 0.42فی صد خرابی دیکھی گئی اور 2.16فی صد وی وی پیڈ میں خرابی نظر آنے کی بات کہی جارہی ہے۔